ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

کراچی : کتے کے کاٹے کی ویکسین نہ ملنے پر گھر کا واحد کفیل چل بسا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : شہر قائد میں ربیز کا ایک اور مریض ایڑیاں رگڑتے ہوئے مر گیا، پینتالیس سال کا سلیم چھ ہفتے قبل اپنی چار سالہ بچی کو کتے کے حملے سے بچاتے ہوئے زخمی ہوا تھا۔

تفصیلات کے مطابق نیو کراچی سرجانی ٹاؤن کا رہائشی سلیم گزشتہ ماہ اپنی چار سالہ بیٹی کو گھر سے لے کر نکلا تو اسے کتے کے حملے سے بچاتے ہوئے خود ہی اس کا شکار ہو گیا۔

محمد سلیم کو سندھ گورنمنٹ اسپتال میں کتے کے کاٹے کی ویکسین نہ ملنے پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے لواحقین سے ویکسین منگوا کر مریض کو آدھی ویکسین دی۔

گھر پہنچ کر سلیم کی حالت مزید بگڑ گئی، بعد ازاں محمد سلیم کو جناح اسپتال لایا گیا جہاں گھر کا واحد کفیل محمد سلیم زندگی کی بازی ہار گیا، متوفی سلیم کی میت تدفین کیلئے آبائی علاقے بہاولپور روانہ کردی گئی۔

واضح رہے کہ کراچی میں ریبیز سے ہلاکتوں کی تعداد اٹھارہ ہوگئی ہے مگر اب بھی سندھ کے بڑے بڑے اسپتالوں میں ویکسینیشن کی سہولت موجود نہیں ہےلیکن اس بار بھی سندھ کی وزیر صحت صوبے کے اسپتالوں میں ویکسین کی دستیابی کا دعویٰ کر رہی ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سندھ کے ضلع شکارپور میں کتے کے کاٹے سے 10 سال کا بچہ بھی جاں بحق ہو گیا تھا، بچے کو کہیں بھی ویکسین نہیں مل سکی تھی۔

سندھ کے باسی کتے کے کاٹنے سے سسک سسک کر جان دینے پر مجبور ہوگئے ہیں، دوسری جانب حکومت کا دعویٰ ہے کہ سندھ کے اسپتالوں میں اینٹی ریبیز انجکشن موجود ہے۔

ذرائع کے مطابق سندھ کے سرکاری اسپتالوں کو اینٹی ریبیز انجکشن خزانے سے خرید کر دی جاتی ہے مگر یہ انجکشن مارکیٹ میں بیچ دیے جاتے ہیں۔

کتے کے کاٹے کا کوئی مریض آجائے تو اس کے لواحقین ایجنٹ آگے پیچھے پھرتے ہیں کہ پیسے دینے پر انجکشن لگ جائے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں