تازہ ترین

مسلسل اضافے کے بعد ڈالر کی قیمت میں معمولی کمی ریکارڈ

کراچی : پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں مسلسل چار روز اضافے کے بعد کمی سامنے آئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق انٹر بینک میں 12اکتوبر کو ڈالر کی قدر بڑھنے کا سلسلہ شروع ہوا تھا جس کے نتیجے میں 20 اکتوبر تک 2.87 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں نئے کاروباری ہفتے کے پانچویں روز ڈالر کی قدر میں 11 پیسے کی کمی ہوئی ہے۔

اسی طرح اوپن مارکیٹ میں جمعرات کے بعد جمعہ کو بھی ڈالر کی قدر میں کمی کا رجحان برقرار رہا اور ڈالر مزید 55 پیسے کی کمی سے 224.90 کی سطح پر آگیا، فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر 220.95 سے کم ہو کر 220.84 روپے پر بند ہوا ہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق ستمبر کے مہینے میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں نمایاں کمی، زرمبادلہ کے ذخائر میں گراوٹ کا سلسلہ رکنے اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان کے لئے قرض منظوری کے نتیجے میں ڈالر کا پاکستانی روپے پر دباوٗ کم ہوگیا۔

Comments

- Advertisement -