کراچی: آئل ریفائنریز نے روپے کی قدر میں کمی اور ڈالر میں اضافے کے بعد فرنس آئل کی قیمتوں میں 2700 روپے فی ٹن اضافے کا اعلان کردیا۔
آئل مارکٹینگ کمپنیز کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق روپے کی قدر میں کمی کے باعث فی ٹن فرنس کی قیمتوں میں 2700 روپے فی ٹن جبکہ درآمد کیے جانے والے آئل کی قیمت میں 1400 روپے فی ٹن اضافہ ہوا۔
اعلامیے کے مطابق روپے کی قدر میں کمی سے قبل فرنس آئل کی فی ٹن قیمت 76 ہزار روپے تھی جبکہ ڈالر کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد ریٹ 77ہزار 400 روپے تک پہنچ گئے۔
انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی خریدوفروخت
دوسری جانب انٹربینک میں آج بھی ڈالر کی قیمتوں میں اضافہ اور روپے کی قدر میں 20 پیسے کمی ہوئی جس کے بعد مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 128روپے 50 پیسے کی بلند ترین سطح پر پہنچی۔
کرنسی کی لین دین کرنے والے ڈیلر کے مطابق انٹربینک میں ڈالر کی رسد طلب سے کم رہی جس کے باعث اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 129 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچی۔
اسٹاک ایکسچینج
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لین دین کے دوران سرمایہ کاروں میں شیئر مارکیٹ میں دلچسپی کی جس کے باعث 100 انڈیکس 965 پوائنٹس اضافے کے بعد 40 ہزار 898 پوائنٹس پر بند ہوا۔