(رضوان عامر) کراچی:ایک ماہ میں دوسری بارروپےکی قدر میں کمی ، اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح 113 روپے پر پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر مین اضافے کا سلسلہ جاری ہے، اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح 113 روپے پر پہنچ گئی۔
کرنسی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ ایک دن میں ڈالر کی قیمت میں ایک روپے بیس پیسے کا نمایاں اضافہ ہوا جبکہ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی خرید و فروخت معمول کے مطابق ہے اور انٹر بینک میں ڈالرکی قیمت 110روپے 55 پیسے ہے۔
چیئرمین ای کیپ ملک بوستان کا کہنا ہے کہ پاک امریکا کشیدہ صورتحال کا منفی اثر ڈالر پر دیکھا جارہا ہے ، اسٹیٹ بینک 100 فیصد نقد ڈالر فری مارکیٹ میں لانے کی پابندی کے فیصلے پر نظر ثانی کرے ، غیر ملکی کرنسی کے عیوض 100فیصد ڈالر فری مارکیٹ میں لانے کی اجازت بحال کی جائے۔
ملک بوستان نے مزید کہا کہ اسٹیٹ بینک کےسرکلرسےڈالرکی سپلائی متاثرہوئی، ایکسچینج کمپنیزکو65 فیصدکیش ڈالربینکوں کےذریعےلانے کا کہا ہے۔
مزید پڑھیں : ڈالر کی قیمت 111 روپے تک جا پہنچی
اسٹیٹ بینک نے گذشتہ دنوں کیش ڈالر اوپن مارکیٹ میں لانے کی حد 100 فیصد سے کم کرکے 35 فیصد کی ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ ماہ ڈالر کی قیمت میں اچانک اضافہ ہوا تھا اور چند گھنٹوں میں 110 روپے تک فروخت ہونے والا ڈالر ٹریڈنگ کے اختتام پر 108 روپے 70 پیسے کا ہوگیا تھا۔