تازہ ترین

حج کے لیے ڈالرز درکار ہیں، وزیر مذہبی امور

اسلام آباد: وزیر مذہبی امور طلحہ محمود نے کہا ہے کہ حج آپریشن بہت بڑا امتحان ہے، ہم معاشی بحران سے گزر رہے ہیں اور حج کے لیے ڈالرز درکار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر محمد طلحہ محمود کی زیر صدارت وزارت مذہبی امور کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزارت مذہبی کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے، اور سیکریٹری مذہبی امور نے وفاقی وزیر کو حج انتظامات، درپیش مشکلات اور آئندہ کی حکمت عملی پر بریفنگ دی۔

طلحہ محمود نے کہا کہ اس سال ہمارا حج کوٹہ ایک لاکھ 80 ہزار ہے، ہم معاشی بحران سے گزر رہے ہیں اور حج کے لیے ڈالرز درکار ہیں، سعودی سفیر نے حج کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وزیر مذہبی امور نے کہا میں وزارت خزانہ جا رہا ہوں تاکہ حج کے لیے فنڈز فوری حاصل کیے جا سکیں، جو فنڈز ملنے تھے اب تک ریلیز نہیں ہوئے جس کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔

انھوں نے کہا "ہم پر بہت پریشر ہے، پاکستان سے ایک لاکھ 80 ہزار عازمین حج نے جانا ہے اور سعودی وفد پاکستان آ رہا ہے، اس لیے زیادہ سے زیادہ سہولیات لینے کی کوشش کریں گے۔

واضح رہے کہ سینیٹر محمد طلحہ محمود کو گزشتہ روز وفاقی وزیر مذہبی امور کا اضافی چارج دیا گیا ہے، کابینہ ڈویژن نے باضابطہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا، طلحہ محمود کا تعلق جمعیت علمائے اسلام پاکستان سے ہے، مفتی عبدالشکور کے روڈ حادثے میں انتقال کے بعد اب وزارت کا اضافی قلم دان سینیٹر محمد طلحہ محمود سنبھالیں گے۔

Comments

- Advertisement -