واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کو مذاق سمجھ لیا، مکمل طور پر صحت یاب نہ ہونے کے باوجود وائٹ ہاؤس پہنچتے ہی ماسک اتار ڈالا۔
والٹر ریڈ میڈیکل سینٹر کے فوجی اسپتال سے وائٹ ہاؤس پہنچنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے سب سے پہلے اپنا ماسک اتارا جس پر انہیں میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق انہوں نے امریکی عوام پر زور دیا کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، ملک میں209،000 سے زیادہ افراد کی جان لے جانے والے کورونا وائرس سے نہ ڈریں، اس کو خود پر حاوی نہ ہونے دیں۔
صدر ٹرمپ کی ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں وہ وائٹ ہاؤس کی بالکنی میں کھڑے ہیں لیکن انہوں نے ماسک نہیں پہن رکھا، اس ویڈیو میں ٹرمپ لوگوں کو کورونا وائرس سے نہ ڈرنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ کو گھبرانا نہیں ہے، آپ اسے شکست دے سکتے ہیں، میں نے اس وائرس سے متاثر ہونے کے بعد بہت کچھ سیکھا ہے، ہمارے پاس دنیا کی بہترین ادویات اور سامان ہیں۔”
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد گزشتہ جمعہ سے ملٹری ہسپتال میں زیر علاج تھے، اب وہ وائٹ ہاؤس واپس آگئے ہیں تاہم ڈاکٹروں کے مطابق وہ ابھی پوری طرح صحت یاب نہیں ہوئے ہیں۔
ان علاج پر مامور ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کورونا وائرس کے اثرات سے اب بھی پوری طرح باہر نہیں آ سکے ہیں، تاہم صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں رہ کر ہی اپنا علاج کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔