واشنگٹن: امریکا نے بھارت کو حاصل تجارتی فائدہ اٹھانے والے ترقی پذیر ملک کا درجہ ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کو جی ایس پی پروگرام کے تحت دی گئی رعایت ختم کرنے سے متعلق کانگریس کو خط کے ذریعے آگاہ کردیا۔
امریکی صدر نے خط میں کہا ہے کہ بھارت اپنی منڈیوں تک امریکا کو رسائی دینے کی یقین دہانیاں کرانے میں ناکام رہا جس کے باعث امریکا نے بھارت کو دیے گئے جی ایس پی کا درجہ ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
امریکی تجارتی آفس کے نمائندہ کے مطابق 2017ء میں بھارت کے ساتھ امریکی اشیاء اور خدمات کے کاروبار کا خسارہ 27.3 بلین ڈالر تھا۔
بھارت جی ایس پی پروگرام کے تحت فائدہ اٹھانے والا سب سے بڑا ملک ہے جس کے تحت وہ 5.6 بلین ڈالر کی اشیاء بغیر ڈیوٹی کے امریکا کو برآمد کرتا ہے۔
خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے صدارت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ بھارت کے خلاف سخت فیصلہ ہے۔
واضح رہے کہ امریکا کے جی ایس پی پروگرام کے تحت بعض ممالک کو اشیاء پر ٹیکس سے استثنیٰ حاصل ہے، ترقی پذیر ممالک میں اقتصادی نمو کے لیے پروگرام پر یکم جنوری 1976 سے عمل کیا جا رہا ہے۔