ابوجا: نائیجریا میں مذہبی عبادت گاہ پر نامعلوم مسلح افراد نے حملے کرتے ہوئے پچاس سے زائد افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق نائجیریا کی جنوب مغربی ریاست اونڈو میں نامعلوم شدت پسندوں نے اس وقت حملہ کیا جب وہ خصوصی عبادت کیلئے گرجا گھر میں جمع ہوئے، مسلح افراد نے گرجا گھر میں جمع افراد پر بموں اور بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حملوں کے نتیجے میں پچاس سے زائد افراد ہلاک ہوئے، ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، فوری طور پر حملے کا محرک واضح نہیں ہو سکا۔
یہ بھی پڑھیں: نائیجریا: بچوں کے اسکول میں خوفناک آتشزدگی، 26 لقمہ اجل بن گئے
حملے کا نشانہ بننے والے سینٹ فرانسس کیتھولک چرچ کے ترجمان ریورینڈ آگسٹن اکوو کا کہنا ہے کہ یہ بہت افسوسناک واقعہ ہے کہ جب عبادت جاری تھی اسی دوران مسلح افراد نے چرچ میں گھس کر بہت سے لوگوں کو ہلاک اور زخمی کر دیا اور چرچ کے بے حرمتی کی۔
نائجیرین صدر محمدو بوحاروی نے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سنگین جرم قرار دیا ہے، اونڈو کے گورنر اریکنرن اکیریڈولو نے جائے وقوع کا دورہ کیا اور اسپتال میں زخمیوں کی عیادت بھی کی۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ فی الحال کسی بھی شدت پسند گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
واضح رہے کہ نائجیریا کے شمال مشرقی علاقے میں مذہبی عسکریت پسند موجود ہیں جو اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث ہیں تاہم شمال مشرقی علاقے میں اس قسم کے حملے بہت کم ہیں۔