اشتہار

داجل پوسٹ سے پکڑا جانیوالا اسلحہ زمان پارک پہنچایا جانا تھا، ڈی پی او بھکر

اشتہار

حیرت انگیز

ڈی پی او بھکر محمد نوید نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز داجل چیک پوسٹ پر کار سے پکڑا جانے والا غیر قانونی اسلحہ زمان پارک لاہور پہنچایا جانا تھا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بھکر محمد نوید نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ گزشتہ روز داجل پوسٹ پر پکڑے جانے والے غیر قانونی اسلحے کو زمان پارک پہنچایا جانا تھا۔

ڈی پی او نے کہا کہ اس بات کا اعتراف اسلحے کے ساتھ گرفتار ملزمان میں سے ملزم اعجاز نے دوران تفتیش کیا ہے اور بتایا ہے کہ بغیر لائسنس اسلحہ زمان پارک پہنچایا جانا تھا۔ اس نے یہ بھی بتایا ہے کہ یہ اسلحہ علی امین کے ڈیرے پر رکھا گیا تھا۔

- Advertisement -

ڈی پی او نے مزید بتایا کہ سیکیورٹی کمپنی کی جانب سے 13 رائفلزکے لائسنس فراہم کیے گئے تھے اور تمام لائسنس بلوچستان حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں۔ ملزمان نجی سیکیورٹی کمپنی کے نام پر اسلحہ لاہور منتقل کرنا چاہتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اسلحہ لائسنس کی تصدیق کے لیے ہوم ڈیپارٹمنٹ کو خط لکھ دیا ہے۔ 9 رائفلز کے لائسنس فراہم نہیں کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ پولیس نے گزشتہ روز کے پی سے پنجاب اسلحہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی تھی اور داجل پوسٹ پر چیکنگ کے لیے روکنے پر فرار ہونے والی گاڑی کا پیچھا کرکے اس پکڑا تھا جس میں سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا تھا جب کہ دو ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا تھا۔

اس وقت ڈی پی او بھکر نے بتایا تھا کہ گاڑی سے 22 رائفلیں، 42 میگزین، اور 181 کارتوس برآمد ہوئے اور انہوں نے شبہ ظاہر کیا تھا کہ یہ اسلحہ تخریب کاری میں استعمال کیا جانا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں