کراچی میں کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑنے والے فرنٹ لائن کے پہلے سپاہی اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔
گلشن حدید کے معروف ماہر امراض جلد ڈاکٹر عبد القادر سومرو کورونا سےجاں بحق ہوگئے، وہ مریضوں کو سہولیات دینے میں مصروف تھے کہ اسی دوران 2 اپریل کو ان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
انہیں انڈس اسپتال میں داخل کیا گیا اور آئیسولیشن میں رکھ کر علاج کیا جاتا رہا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور پیر کو اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔
انہوں نے الخدمت اسپتال میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لئے خصوصی وارڈ بھی تیار کیا جس میں تین وینٹی لیٹرز نصب کیے گئے۔ ڈاکٹر عبدالقادر سومرو پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن سندھ کے سابق صدر، اسٹیل ملز اسپتال کے سابق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، الخدمت فریدہ یعقوب اسپتال کے سابق ایم ایس، اسلامی جمعیت طلبہ سندھ کے سابق ناظم، الخدمت اسپتال تھرپارکر کے موجودہ ایم ایس اور الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے نائب صدر تھے۔
ان کی وفات پر پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن ، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور صحت کے شعبہ سے تعلق رکھنے والی مختلف تنظیموں و افراد نے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔