پشاور: وزیر معدنیات خیبرپختونخواہ ڈاکٹرامجد علی کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوامی فلاحی منصوبوں پر خطیر فنڈز خرچ کر رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر معدنیات خیبرپختونخواہ ڈاکٹرامجد علی نے کہا کہ عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کارلا رہے ہیں، جس سے حقیقی تبدیلی کے اثرات نظر آنا شروع ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں سب کو حصہ دے رہے ہیں تاکہ احساس محرومی اور غربت کا صحیح معنوں میں خاتمہ ہوسکے۔
وزیر معدنیات خیبرپختونخواہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران کے وژن کے مطابق پاکستان کو فلاحی اسلامی ریاست بنانے کے لیے ہم سب نے مل کر آگے آنا ہوگا۔
ڈاکٹرامجد علی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوامی فلاحی منصوبوں پر خطیرفنڈز خرچ کر رہی ہے، جس کا واحد مقصد بغیر کسی لالچ اور پارٹی تعلق کے عوام کو فائدہ پہنچانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمود خان کے وژن کے مطابق سوات سے غربت مٹانے کے لیے سیاحت سمیت دیگر منصوبوں پر بھی کام جاری ہے جس کے اثرات تمام صوبے پر مرتب ہوں گے۔
وزیرمعدنیات نے کہا کہ عوامی نمائندوں نے اپنے آپ کو متحرک کیا ہوا ہے، تاکہ لوگوں کے مسائل جلد سے جلد حل ہوسکیں۔