کراچی : صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت کا اندرونی خلفشار اسے تباہ و برباد کردے گا، دنیا مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضے کا نوٹس لے، بابری مسجد کے معاملے پر بھی ناانصافی ہوئی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج طاقت کے زور پر کشمیریوں کے حقوق کوسلب کررہی ہے اور انہیں ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، پاکستان سفارتی اور سیاسی طور پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
صدر مملکت نے کہا کہ دنیا مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کو نظرانداز نہ کرے، خطے میں دیرپا امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر ناممکن اور انتہائی مشکل ہے، بھارت کے ظلم و ستم کی مثال نہیں ملتی۔
عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ بھارت طاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کےحق خودارادیت کو دبانے کی کوشش کررہا ہے مگر وہ اس میں کامیاب نہیں ہوسکتا، کشمیریوں کے لیے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے35لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کی، بھارت کا اندرونی خلفشار اسے تباہ کردے گا، سیکولرازم کے دعویدار بھارت میں اقلیتوں کی حالت بدترین ہے، بابری مسجد کے معاملے پر بھارتی سپریم کورٹ نے یکطرفہ فیصلہ دیا۔