اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ترکی میں زلزلے سے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے ترکی میں زلزلے سے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔
اپنے ٹویٹ میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ازمیر میں زلزلے کی خبر سن کر نہایت افسوس ہوا، برادر طیب اردگان متاثرہ افراد کے اہلخانہ کو پاکستان کا اظہار تعزیت پہنچائیں۔
انہوں نے متاثرہ افراد سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زلزلے میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔
It is with great sadness that we receive news of earthquake that hit Izmir. Excellency & brother @RTErdogan please convey sincere condolences from people of Pakistan to families of victims, we commisserate with all those who are affected & pray for early recovery of the injured.
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) October 31, 2020
خیال رہے کہ گزشتہ روز ترکی کے مختلف شہروں میں 6.6 شدت کا زلزلہ آیا، ترک میڈیا کے مطابق زلزلہ ترکی کے مغربی صوبے ازمیر کے ساحل سے 17 کلو میٹر دور آیا جس نے یونان کے جزیرے سیموس کو بھی متاثر کیا۔
زلزلے کے بعد ازمیر اور سیموس میں چھوٹے درجے کا سونامی بھی آیا، زلزلے سے ازمیر میں متعدد عمارتیں منہدم ہوچکی ہیں، شہر میں بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے زلزلہ زدگان کی بحالی کے لیے ترکی میں ٹیمیں اور فیلڈ اسپتال بھجوانے کی پیشکش کی جس پر ترک وزیر خارجہ نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سر دست ہمیں کسی مالی معاونت کی ضرورت نہیں۔
ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ضرورت محسوس ہوئی تو پاکستان کی پیشکش کو سب سے پہلے قبول کریں گے۔