اسلام آباد : وزارت خزانہ کے سابق اقتصادی مشیر اور سابق ڈائریکٹر جنرل ڈیبٹ آفس ڈاکٹر اشفاق حسن خان نے کہا ہے کہ 9ماہ ہوگئے ہیں ہم آج بھی آئی ایم ایف کے بغیر زندہ ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام دی رپورٹرز میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف شرائط دیے جارہا ہے اور پاکستان پوری کیے جارہا ہے۔
ڈاکٹر اشفاق حسین نے کہا کہ پاکستان کے لیے یہ مسئلہ ہے کہ فنانسنگ گیپ کیسے پورا کیا جائے، 9ماہ ہوگئے ہیں ہم آج بھی آئی ایم ایف کے بغیر زندہ ہیں، جو یہ کہتے ہیں آئی ایم ایف کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتے ان کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔
’’نوجوان کو موقع ملے تو وہ ملک سے باہر چلا جائے‘‘، ماہر معاشیات ڈاکٹر اشفاق حسن کی پروگرام دی رپورٹرز میں گفتگو#ARYNews #TheReporters pic.twitter.com/zlPa1PnGEI
— ARY NEWS (@ARYNEWSOFFICIAL) May 17, 2023
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام نہ ملنے کی وجہ سے مسائل ہونا درست نہیں، اندھے کو بھی نظر آرہا ہے کہ چیزیں درست سمت میں نہیں جارہیں، دنیا بھی دیکھ رہی ہے ملک میں جو کچھ ہورہا ہے اس سے نقصان ہورہا ہے۔
ماہر معاشیات نے کہا کہ پکڑ دھکڑ مار دھاڑ سے نکلیں ملک کی معیشت کی طرف توجہ دیں، ایسے ماحول میں کون کاروبار کرسکتا ہے، لوگوں میں مایوسی پھیل رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میں ایک یونیورسٹی میں بیٹھا ہوں، آج کا نوجوان بیزار ہوچکا ہے وہ ملک سے جانا چاہتا ہے، جس کو بھی باہر جانے کا موقع ملتا ہے واپس آنے کو تیار نہیں ہوتا، ملکی ماحول اتنا خراب کردیا گیا ہے کہ لوگوں کو آگے کچھ نظر نہیں آرہا۔
ڈاکٹر اشفاق حسن کا مزید کہنا تھا کہ پریس کانفرنس سے ماحول درست ہوتا ہے تو دن میں50کانفرنس کریں، ملک میں کاروبار درست نہیں چل رہا، لوگوں کی پریشانی بڑھتی جارہی ہے جس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔