کراچی : سابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم نے ای سی ایل سے نکلوانے سے متعلق درخواست سندھ ہائیکورٹ میں دائر کردی، جس میں انکا کہنا ہے کہ علاج کیلئے باہر جانے دیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عاصم نے رہائی کے بعد ای سی ایل سے نام خارج کرنے سے متعلق سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی، درخواست میں ڈاکٹر عاصم حسین کے جانب سے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ بیمار ہیں اور کمر میں شدید تکلیف ہے ،میڈیکل بورڈ نے بھی بیرون ملک علاج کی تجویز دی ہے۔
درخواست میں ڈاکٹر عاصم کی جانب سے کہا گیا جج صاحب! علاج کیلئے باہر جانے دیں ، لندن میں ڈاکٹروں سے 20اپریل کا اپائنمنٹ ہے، بر وقت علاج نہ ہوا تو طبیعت بگڑ سکتی ہے۔
وزارت داخلہ نے نیب کی سفارش پر 24نومبر 2015کو ای سی ایل میں نام شامل کیا تھا ، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ،وزارت داخلہ کو ای سی ایل سے نام خارج کرنے کا حکم دیا جائے، درخواست میں وفاقی وزارت داخلہ ، محکمہ داخلہ سندھ ، نیب اور آئی جی سندھ کو فریق بنایا گیا ہے۔
مزید پڑھیں : ڈاکٹر عاصم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم جاری
یاد رہے گذشتہ ماہ سندھ ہائی کورٹ کے رجسٹرار نے جسٹس کے کے آغا کا فیصلہ برقرار رکھتے ڈاکٹر عاصم حسین کی ضمانت منظور کی تاہم ساتھ ہی وزیرداخلہ کو خط لکھ کر ای سی ایل میں نام شامل کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔
مزید پڑھیں : ڈاکٹر عاصم حسین کو 19 ماہ بعد رہا کردیا گیا
واضح رہے سابق صوبائی وزیرپیٹرولیم ڈاکٹر عاصم کو 19 ماہ بعد جیل سے رہا کیا گیا تھا، دو برس قبل قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پی پی رہنماء کو دہشت گردوں کے علاج و معالجے مقدمے میں گرفتار کیا تھا بعد ازاں نیب نے کرپشن کی تحقیقات بھی شروع کردی تھیں۔