نومئی واقعات کے بعد پی ٹی آئی کے لئے ڈراؤنا خواب ثابت ہونے لگے، کئی ارکان اسمبلی نے پارٹی اور سیاست چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے۔
مولوی محمود، سنجے گنگوانی، کریم بخش گبول کے بعد کراچی سے تعلق رکھنے والے رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر عمران شاہ نے بھی تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا کور کمانڈر ہاؤس جلانے کی فوٹیج سامنے لانے کا مطالبہ
کراچی پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر عمران شاہ نے کہا کہ بہت سوچ وبچار کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ بطور رکن صوبائی اسمبلی مستعفی ہورہا ہوں اور ساتھ ہی سیاست بھی چھوڑ رہا ہوں۔
ڈاکٹر عمران شاہ نے نو مئی کے واقعات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جو کچھ اس روز ہوا بہت تکلیف دہ اور افسوسناک تھا، گذشتہ 72 گھنٹے مجھ پر بہت بھاری گزرے، یہ سوچ بچار کرتا رہا کہ سیاسی طور پر کہاں جانا ہے؟
انہوں نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ لاہور اور میانوالی میں افسوسناک واقعات ہوئے، فیملیاور دوستوں سے طویل مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے۔
ہنگامی پریس کانفرنس میں عمران شاہ کا کہنا تھا کہ ایم ایم عالم کےجہاز کو جلایا گیا،جی ایچ کیو پرحملہ کیا گیا،ان سپاہیوں کاسوچیں جوسیاچن پر فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپنے ضمیرکی آواز پرپاکستان تحریک انصاف میں گیا تھا،سیاست میں نظریات کا فرق ہوتاہے،سیاست چھوڑ رہا ہوں اپنی عام زندگی کی طرف لوٹناچاہتا ہوں، ایسا نہیں کہ کوئی مل گیاتو سلام دعا نہیں کروں گا، میں تو ڈبل مہاجر ہوں پہلےبھارت اورپھربرطانیہ چھوڑکرآیا۔
واضح رہے کہ کراچی سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر عمران شاہ سے قبل مولوی محمود، نبیل کریم گبول اور رکن سندھ اسمبلی سنجے گنگوانی نے بھی پی ٹی آئی سے راہیں جدا کرلی ہیں۔
پی ٹی آئی اور سیاست سے علیحدگی اختیار کرنے والے ان ارکان اسمبلی نے فوجی تنصیبات پر حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستان کی سالمیت پر حملہ قرار دیا تھا۔