وطن عزیز کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ سہولیات کی عدم فراہمی کے باوجود خواتین اپنے شعبہ جات میں ملک کا نام روشن کررہی ہیں ان ہی میں ایک ڈاکٹر لبنیٰ کمانی بھی ہیں جنہوں نے ” ویمن ڈسرپٹر آف دی ایئر "ایوارڈ اپنے نام کیا۔
ماہر امراض معدہ ڈاکٹر لبنیٰ کمانی کو امریکن کالج آف گیسٹرو اینٹرولوجی نے اپنے سالانہ سیشن 2023 میں پاکستان کے گیسٹرو ڈیپارٹمنٹ میں جدید تحقیق کے میدان میں پیش رفت کرنے پر ’ویمن ڈسپرٹر آف دی ایئر ایوارڈ‘ سے نوازا۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گیسٹرو انٹرولوجسٹ ڈاکٹر لبنیٰ کمانی نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اپنی انتھک محنت اور لگن کے بارے میں ناظرین کا آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ بد قسمتی سے اس شعبے میں خواتین کی تعداد بہت کم ہے اس کی اہم وجہ یہ ہے کہ گیسٹرو اینٹرولوجی کی ٹریننگ بہت سخت اور وقت طلب ہے، جس کی وجہ سے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں ایسی خواتین ڈاکٹرز کی تعداد بہت کم ہے۔