منگل, فروری 11, 2025
اشتہار

ہمیں مہنگی چیزوں کی درآمد پر پابندی لگانا ہوگی، ڈاکٹر قیصر بنگالی

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : معروف ماہر معاشیات ڈاکٹر قیصر بنگالی نے کہا ہے کہ ملکی معیشت اتنی کمزور ہے کہ مزید ٹیکس نہیں لیا جاسکتا، ہمیں مہنگی چیزوں کی درآمد پر پابندی لگانا ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر قیصر بنگالی نے کہا کہ معاشی خود مختاری نہ ہو تو سیاسی خود مختاری بھی ختم ہو جاتی ہے، اسی لیے سعودی عرب نے کہا کہ ملائشیا کانفرنس میں شرکت نہ کریں۔

ڈاکٹر قیصر بنگالی کا کہنا تھا کہ معیشت اتنی کمزور ہے کہ مزید ٹیکس نہیں لیا جاسکتا، مزید ٹیکس لیں گے تو اور کاروبار بند ہو جائیں گے،ہم100ڈالر برآمد کرتے ہیں تو230ڈالر کی چیزیں درآمد کرتے ہیں، ہمیں مہنگی چیزوں کی درآمد پر پابندی لگانا ہوگی۔

ماہر معاشیات نے کہا کہ صنعت کار کارخانے بند کرکے اسٹاک ایکسچینج میں پیسہ لگارہے ہیں، حکومت کی پالیسیوں نے پروڈکٹیو معیشت کو کسینو پالیسی بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں کبھی بھی ایسی پالیسیاں نہ ہی مرتب اور نہ ہی اپنائی گئیں جن کا براہ راست فائدہ عوام کو ملتا اور ملکی معیشت میں بہتری نظر آتی۔

پاکستانی معیشت کسی طور پر بھی صحیح سمت میں نہیں ہے بلکہ یہ کہا جاسکتا ہے کہ یہ مصنوعی طریقوں سے کام کررہی ہے جو اعداد وشمار حکومت اور سرکاری ادارے دکھاتے اور بتاتے ہیں وہ اصل حقائق کے منافی ہیں اور یہ زیادہ عرصے تک قائم نہیں رہ سکتے۔

ڈاکٹر قیصر بنگالی نے مزید کہا کہ جب تک اخراجات میں کمی، برآمدات میں اضافہ، آمدنی کے نئے ذرائع، زرعی پیداوار میں اضافہ اور نئی انڈسٹریز کا قیام عمل میں نہیں لایا جائے گا،اس وقت تک پاکستان کی معیشت مستحکم نہیں ہوسکتی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں