تازہ ترین

ڈاکٹر یاسمین راشد جناح ہاؤس حملہ کیس سے بری

لاہور : انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کو جناح ہاؤس حملہ کیس سے بری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر یاسمین کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت میں پولیس نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں مزید جسمانی ریمانڈ کیلئے استدعا کی۔

پولیس کی درخواست پر  تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کو جیل سے طلب کیا گیا تھا، عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کے وکیل نے دوران سماعت عدالت کو بتایا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کو ملزمان کے بیانات کی روشنی میں مقدمے میں نامزد کیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ پولیس نے یاسمین راشد کو تھانہ سرور روڈ مقدمے میں نامزد کیا تھا۔

عدالت کا تحریری فیصلہ جاری

ڈاکٹر یاسمین راشد کو جناح ہاؤس حملہ کیس سے ڈسچارج کرنے کا تحریری فیصلہ بھی جاری کردیا گیا، فیصلے کے مطابق پولیس نے ڈاکٹر یاسمین راشد کوجسمانی ریمانڈ کے لیے پیش کیا۔

پولیس کی جانب سے کہا گیا کہ ان سے موبائل فون برآمد کرنا ہے اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ بھی کروانا ہے، فیصلے کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد اس مقدمہ میں نامزد نہیں ہیں۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کو شریک ملزم کے بیان کی بنیاد پر بلایا گیا ہے، کوئی ایسا ٹھوس ثبوت نہیں پیش کیا گیا کہ جس سے ثابت ہو کہ وہ اس جرم میں ملوث ہیں۔

عدالت کے تحریری فیصلے کے مطابق ڈاکٹریاسمین راشد کو مقدمہ سے ڈسچارج کیا جاتا ہے، اگر وہ کسی دوسرے مقدمہ میں مطلوب نہ ہوں تو انہیں رہا کردیا جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سماعت میں انسداد دہشت گری عدالت میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی درخواست 30مئی کوسماعت کے لیے مقرر کی گئی تھی۔ عدالت نے یاسمین راشد کو 14 روز کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا، یاسمین راشد کے خلاف دہشت گری سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا۔

Comments

- Advertisement -
عابد خان
عابد خان
عابد خان اے آروائی نیوز سے وابستہ صحافی ہیں اور عدالتوں سے متعلق رپورٹنگ میں مہارت کے حامل ہیں