اسلام آباد: معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 ہزار 128 ہوگئی، کرونا کے ایکٹیو مریضوں کی تعداد 102 ہے۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک ہزار 128 ہوگئی ہے، ملک میں 21 کرونا کے مریض صحت یاب ہوکر گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مختلف اسپتالوں میں 575 کرونا مریض زیر علاج ہیں جو بہتر صورتحال میں ہیں، عوام غیرضروری طور پر اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں، اگر ضروری طور پر باہر جاتے ہیں تو مصافحہ نہ کریں، ہاتھوں کو اچھی طرح دھوئیں اور سینیٹائزر کا استعمال کریں۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم ایک دو دن میں بڑے اعلانات کرنےجارے ہیں، اسدعمر
ظفر مرزا نے کہا کہ 5 اپریل تک فرنٹ لائن پر موجود طبی عملے کے لیے سامان موجود ہوگا جس کے بعد طبی عملے کے لیے میڈیکل سامان کی صورتحال بہتر ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فیصل سلطان کو کرونا وائرس سے متعلق فوکل پرسن بنایا گیا ہے، ڈاکٹر فیصل سلطان کو صحت کی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے تاکہ رہنمائی لے سکیں، ڈاکٹرز اور طبی عملے کی ٹریننگ کا پروگرام بھی شروع کررہے ہیں، ایک ماہ میں پہلا ہدف 5 ہزار طبی عملے کو ٹریننگ فراہم کرنا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ روزانہ کہتا ہوں اس بیماری کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوگی، بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں صرف بنیادی ضرورت کے لیے باہر نکلیں، احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کریں گے تو ملک میں بیماری کو روکنا مشکل ہوگا۔