اسلام آباد : ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے صارفین کی بڑی مشکل آسان کردی اور دفتری امور میں کاغذ کے استعمال کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے فارماانڈسٹری کی سہولت کیلئے انقلابی اقدام اٹھاتے ہوئے دفتری امور میں کاغذ کے استعمال کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ڈریپ میں ای گورننس نظام کانفاذ حتمی مراحل میں ہے، ڈریپ کے شعبہ جات کو مرحلہ وار ڈیجیٹلائز کیاجارہا ہے، ای گورننس کا باضابطہ افتتاح ڈاکٹر فیصل سلطان کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ڈریپ کا شعبہ امپورٹ، ایکسپورٹ کو ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے اور ادویہ لائسنسنگ کیلئے درخواستوں کی آن لائن وصولی جاری ہے۔
وزارت صحت کا کہنا تھا کہ ڈریپ نے شہریوں کو ادویات امپورٹ کیلئے این او سی کا آن لائن اجرا بھی شروع کردیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ڈریپ کا گزشتہ15سالہ ریکارڈ ڈیجیٹلائز کردیا گیا ہے، 45لاکھ دستاویزات کو ڈیجیٹلائز کیا گیا جبکہ ڈریپ کے قیام سےاب تک کا ریکارڈ محفوظ کیا جا رہا ہے۔