اسلام آباد : ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) خون پتلا کرنے والی دوا کی فروخت اور استعمال پر پابندی عائد کردی۔
تفصیلات کے مطابق خون پتلا کرنے والی غیر معیاری دوا کی مارکیٹ میں سپلائی کا انکشاف سامنے آیا ، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے نیباکسو ٹیبلٹ کا پراڈکٹ ریکال الرٹ جاری کر دیا، جس میں نیباکسو ٹیبلٹ کا بیچ 263 غیر معیاری قرار دیا۔
ڈریپ نے ملک بھر میں نیباکسو 10 ایم جی کی فروخت اور استعمال پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا کہ 10 ایم جی ٹیبلٹ وینوو فارما ٹیکسلا کی تیار کرتا ہے۔
ڈرگ ٹیسٹنگ لیب راولپنڈی نے اس ٹیبلٹ کا بیچ غیر معیاری قرار دیا اور ٹیبلٹ کا سیمپل کوالٹی ٹیسٹ کے معیار پر پورا نہیں اترا۔
یہ ٹیبلٹ تھرمبوسزز، پلمنری امبولزم نامی مرض کی دوا ہے،تھرمبوسز، پلمنری امبولزم کے دوران خون میں لوتھڑے بنتے ہیں، نیباکسو ٹیبلٹ رگوں، پھیپڑوں میں خون کے لوتھڑے بننے سے روکتی ہے۔
یہ ٹیبلٹ ریواراکسوبان سالٹ سے تیار کی جاتی ہے لیکن غیر معیاری ٹیبلٹ کا استعمال علاج متاثر کر سکتا ہے۔
ڈریپ نے کمپنی کو نیباکسو کے متاثرہ بیچ کی مارکیٹ سپلائی روکنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فارما کمپنی ٹیبلٹ کا متاثرہ بیچ مارکیٹ سے واپس منگوائے۔.
ڈریپ کی ریگولیٹری فیلڈ فورس کو مارکیٹ سرویلنس بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیلڈ فورس مارکیٹ سے جعلی نیباکسو ٹیبلٹ کا خاتمہ یقینی بنائے اور ریگولیٹری فورس مارکیٹ سے ٹیبلٹ کا متاثرہ بیچ ضبط کرے۔
ڈسٹریبیوٹرز سٹاک میں نیباکسو ٹیبلٹ کے متاثرہ بیچ کی جانچ کریں اور ٹیبلٹ کے متاثرہ بیچ کی شناخت پر ڈریپ کو اطلاع دی جائے ساتھ ہی کیمسٹ متاثرہ ٹیبلٹ بیچ کی سیل ترک، سٹاک واپس کریں، ڈاکٹرز اور مریض ٹیبلٹ کا متاثرہ بیچ استعمال نہ کریں۔