کراچی: شہر کے قائد کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہونے والی بونداباندی کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا، ٹھنڈی ہواؤں سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے اور شہری گھروں سے باہر نکل آئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں بادلوں نے ڈیرے جما لیے، شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ہونے والے والی بوندا باندی سے موسم سہانا ہوگیا۔
کراچی کے علاقے یونیورسٹی روڈ، ڈاک خانہ، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، سائٹ ایریا سمیت اطراف میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی غائب، شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، بلدیہ اتحاد ٹاوٴن، نواب کالونی اورقائم خانی کالونی میں صبح سے بجلی غائب ہے۔
محکمہ موسمیات نے اتوار سے سندھ اور بلوچستان کے وسطی وشمالی اضلاع میں مون سون بارشوں کی پیش گوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار سے منگل تک کراچی، حیدرآباد، میرپور، ٹھٹھہ اور بینظیرآباد میں تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کی کراچی میں 27اور28 جولائی کو تیز بارش کی پیش گوئی
یاد رہے کہ تین روز قبل محکمہ موسمیات نے گرمی اور حبس سے پریشان کراچی والوں کو خوشخبری سناتے ہوئے 27 اور28 جولائی کو تیز بارش کی پیش گوئی کی تھی۔