کراچی: شہر قائد کے علاقے حیدری تھانے کی حدود نارتھ ناظم آباد میں نشے میں دھت ہوکر خاتون کو ہراساں کرنے والے پولیس اہلکار کو معطل کرکے کوارٹر گارڈ کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں حیدری تھانے کی حدود میں نشے میں دھت پولیس اہلکار کو خاتون کو ہراساں اور ہوائی فائرنگ کرنا مہنگا پڑ گیا، سی سی ٹی وی فوٹیج اور پڑوسی کی جانب سے شکایت درج کرانے کے بعد ایس ایس پی عارف اسلم راؤ نے معطل کردیا۔
پولیس اہلکار امجد کے خلاف پڑوسی عامر حمید نے حیدری مارکیٹ تھانے میں ایف آئی آر درج کرائی اور ساتھ ہی اہلکار کی نشے میں دھت ہوکر فائرنگ کرنے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔
ضلع سینٹرل کے ایس ایس پی عارف اسلم راؤ نے مذکورہ ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ اہلکار کو معطل کرکے حیدری تھانے میں کوارٹر گارڈ کردیا۔
مزید پڑھیں: ڈیفنس میں نشے میں دھت افراد کی فائرنگ، پولیس اہلکار سمیت دو افراد جاں بحق
عامر حمید کے مطابق پولیس اہلکار امجد 13 سال سے ہمارا پڑوسی ہے اور اکثر اوقات نشے میں دھت ہونے کی وجہ سے محلے میں غل غپاڑہ مچا کر رکھتا ہے۔
پڑوسی عامر کا کہنا تھا کہ کئی مرتبہ امجد کو اس کی حرکتوں سے روکنے کی کوشش کی گئی لیکن اس میں ہم کامیاب نہ ہوسکے اور اس کی حرکتیں بڑھتی ہی جارہی تھیں۔
پڑوسی عامر کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکار نشے میں دھت ہوکر ہوائی فائرنگ کرتا تھا اور خواتین، بچوں سے بھی اس کا رویہ ٹھیک نہیں ہوتا تھا۔