یوں تو دبئی میں تعمیر سبھی عمارتیں انتہائی خوبصورت اپنا الگ مقام رکھتی ہیں لیکن دبئی کا ’میوزیم آف دی فیوچر‘ دنیا کے 14 خوبصورت ترین عجائب گھروں میں شامل ہوگیا ہے۔
بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق دبئی کے شیخ زائد روڈ کے ساتھ نمایاں نظر آنے والا بیضوی نما، میوزیم آف دی فیوچر تکمیل کے قریب ہے، جو بہت جلد دیا کا ایک اور لینڈ مارک بن جائے گا۔
میوزیم 30 ہزار مربع میٹر پر محیط ہے اور اس کی اونچائی 77 میٹر ہے، میوزیم کے بیرونی حصے میں مستقبل کے جمالیاتی اسٹیل پر روشن عربی خطاطی کی گئی ہے، یہ کام روبوٹ سے تیار کردہ ایک ہزار 24 ٹکڑوں پر مشتمل ہے۔
میوزیم آف دی فیوچر میں نمائش کے لیے 7 منزلیں ہوں گی اور اس کے ڈیزائن میں کوئی ستون نہیں ہے، اسے شمسی توانائی سے 4 ہزار میگا واٹ بجلی فراہم کی جائے گی۔ یہ میوزیم اربن انجینئرنگ کا سنگ میل ثابت ہوگا۔
دبئی فیوچر فاؤڈیشن کے ایم ڈی اور بورڈ چیئرمین محمد القرقاوی کا کہنا ہے کہ اپنی تکمیل سے قبل ہی دنیا کے خوبصورت ترین عجائب گھروں میں شامل ہونا اس کے ڈیزائن اور طرز تعمیر کےلیے متحدہ عرب امارات کو دنیا میں نمایاں کرتا ہے۔
واضح رہے کہ نیشنل جیوگرافک کی جانب سے دبئی کے میوزیم آف دی فیوچر کو دنیا کے 14 خوبصورت ترین عجائب گھروں میں شامل کیا گیا ہے۔
اپنی تکمیل کے بعد یہ مشرق وسطی کا پہلا میوزیم ہوگا جوکہ ماحولیاتی توانائی ڈیزائن میں پلاٹینیئم سرٹیفکیٹ کا حامل ہوگا جو دنیا میں سبز عمارت کے لیے بلند ترین ریٹنگ کا معیار ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق میوزیم سے ملحقہ پارک میں 80 اقسام کے پودے لگائے گئے ہیں جنہیں جدید خودکار آبپاشی نظام سے منسلک کیا گیا ہے۔