تازہ ترین

دبئی ایئرپورٹ پر مسافروں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے صرف 3 ماہ میں 2 کروڑ سے زائد افراد نے سفر کیا، یہ تعداد گزشتہ برس کے مقابلے میں 55 فیصد زیادہ ہے۔

اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سال رواں کی پہلی سہ ماہی کے دوران 21.2 ملین افراد نے سفر کیا ہے، پہلی سہ ماہی کا 95.6 فیصد تک ہدف حاصل ہوگیا ہے۔

دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سال رواں کے ابتدائی 3 ماہ کے دوران 2 کروڑ 12 لاکھ 56 ہزار 489 افراد نے سفر کیا، سنہ 2022 کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں سفر کرنے والوں کی تعداد 55.8 فیصد زیادہ رہی ہے۔

سنہ 2019 کی پہلی سہ ماہی کے بعد سے پہلی بار دبئی ایئرپورٹ سے اتنی بڑی تعداد میں لوگوں نے سفر کیا، اس وقت سفر کرنے والوں کی ماہانہ اوسط تعداد 70 لاکھ تک پہنچ گئی تھی۔

سال رواں کی پہلی سہ ماہی کے دوران سب سے زیادہ سفر مارچ میں کیا گیا، اس دوران سفر کرنے والوں کی تعداد 7.3 ملین ریکارڈ کی گئی۔

اس تناظر میں جنوری 2020 کے بعد سے مصروف ترین مہینہ مارچ 2023 رہا، جنوری 2022 میں دبئی ایئرپورٹ سے 7.8 ملین افراد نے سفر کیا تھا۔

دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ 99 ممالک کے لیے 89 فضائی کمپنیوں کے ذریعے 234 سے زیادہ ایئرپورٹس کو جوڑے ہوئے ہے۔

Comments

- Advertisement -