دبئی: انجمن رفاہ عامہ دبئی نے امسال رمضان المبارک میں مساجد اور گردونواح میں سحری کے لوازمات بذریعہ ڈرون پہنچانے کا منفرد منصوبہ تیار کرلیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اس منفرد طریقہ ترسیل کے ذریعے دس فیصد فوڈ ڈیلیوری بغیر پائلٹ جہاز کے کی جائے گی، اس سہولت کا اجرا انجمن رفاہ عامہ کے یوتھ کونسل نے کیا ہے جبکہ ’ان کی سحری ہمارے ذمہ‘ اس کا عنوان رکھا گیا ہے۔
انجمن رفاہ عامہ یوتھ کونسل کی سربراہ کا کہنا ہے کہ اس کام میں موثر افراد کی شرکت اولین ترجیح ہے، موثر افراد پر مشتمل رضاکاروں کی ٹیم سحری پیکیج کی تیاری اور اسے حفاظت کے ساتھ مستحق افراد تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
مزید پڑھیں: دبئی: افطار کے وقت خیموں میں شیشہ پینے پر پابندی عائد
اس نئے آئیڈیا میں معاونت فراہم کرنے والے نوجوان خلفان عبید کا کہنا ہے کہ یہ نیا طریقہ ہے اس میں موثر رضاکاروں کی موجودگی انتہائی ضروری ہے تاہم ڈرون طیاروں کو اپنے ٹارگٹ علاقوں تک رسائی کے لیے بہتر طریقے سے پروگرام کرنا ہوگا۔
سحری لوازمات کی ترسیل میں استعمال کئے جانے والے ڈرون کی تمام ضروری پروگرامنگ کا عمل تیزی سے مکمل کیا جارہا ہے، زیادہ دیر تک پرواز کو یقینی بنانے کے لیے اس میں آٹھ بیٹریاں لگائی جائیں گی، ان طیاروں میں دس کلو گرام سحری لوازمات لے جانے کی صلاحیت موجود ہوگی۔