کراچی میں اسٹیل مل موڑ پر ڈمپر کی ٹکر سے وہیل چیئر پر بیٹھا معذور شخص جاں بحق ہوگیا۔
ایس ایس پی ٹریفک شوکت کھٹیان کے مطابق وہیل چیئر پر بیٹھا معذور شخص سڑک کراس کرنے کی کوشش کر رہا تھا، حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیور نے فرار ہونے کی کوشش کی۔
شہریوں اور ٹریفک اہلکاروں نے گاڑیاں آگے لگا کر ڈمپر کو روکا، مشتعل افراد نے ڈمپر کے شیشے توڑ دیے جبکہ ڈرائیور پر تشدد کا نشانہ بنایا۔
شوکت کھٹیان نے بتایا کہ ڈرائیور زیر حراست ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں چوبیس گھنٹوں میں تیز رفتار ڈمپر کے 3 حادثات پر ویڈیو رپورٹ
دو روز قبل کراچی میں پاور ہاؤس چورنگی کے قریب صبح سویرے ڈمپر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار شخص جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا۔
ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ حادثہ نارتھ کراچی پاور ہاؤس چورنگی کے قریب پیش آیا، پولیس نے لاش اسپتال منتقل کی جبکہ ڈرائیور موقع سے گاڑی سمیت فرار ہوگیا۔
اس سے قبل اپریل میں کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں پاور ہاؤس چورنگی کے قریب ڈمپر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار شخص زخمی ہوگیا تھا جس کے بعد مشتعل افراد نے 9 ٹرکوں کو آگ لگا دی تھی۔
شہریوں کے روکنے اور مارنے پر ڈرائیور نے ٹرک موٹر سائیکل پر چڑھا کر کچل دیا، موٹرسائیکل پر کوئی شخص سوار نہیں تھا۔