The news is by your side.

Advertisement

نجی مال کی غفلت کے باعث نوکری کرنے والا ملازم زندگی بھر کے لیے معذور

کراچی: شہر قائد میں نجی مال کی غفلت کے نتیجے میں دکان میں نوکری کرنے والا ملازم زندگی بھر کے لیے معذور ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دو روز قبل کراچی میں اچانک گرد کے طوفان اور طوفانی ہوا کا سلسلہ شروع ہوا، جس کے نتیجے میں پورے شہر نے مٹی کی چادر اوڑھ لی تھی، ایسی صورت حال میں حادثات بھی رونما ہوئے، ایسا ہی ایک حادثہ سید اشعر شاہ نامی شہری کے ساتھ پیش آیا، جس کے باعث وہ زندگی بھر کے لئے معذور ہوگیا ہے۔

متاثرہ نوجوان نے نجی مال کے خلاف مقدمہ درج کرادیا ہے،ایف آئی آر کے متن میں مدعی نے موقف اپنایا کہ وہ مال میں بحیثیت سیلزمین ملازمت کرتا ہے، میں کھانا کھانے کے بعد چہل قدمی کررہا تھا، تیز ہوا کے باعث دروازے کے ساتھ دیوار پر لگایا گیا بڑا سائن بورڈ مجھ پر گرگیا۔

مدعی اشعر شاہ نے موقف اختیار کیا کہ میں اس کے نیچے دب کر چیخنے چلانے لگا، موقع پر موجود مجھے لوگوں نے نکالا تو میں چلنے پھرنے سے قاصر تھا، مجھے اٹھا کر ایمبولینس کے ذریعے گلشن کے نجی اسپتال پہنچایا۔

واقعے سے متعلق اشعر کے والدین کا بھی موقف سامنے آگیا ہے، والدین نے بتایا کہ ہم نے ابھی مقدمہ درج نہیں کروایا نہ ہی پولیس نے ہمیں بتایا ہے، ابھی ہم نے اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی ہسپتال میں اپنے بچے کو منتقل کیا ہے، ابتدائی رپورٹ کے مطابق اشعر کی ریڑھ کی ہڈی ایل ون میں فریکچر ہے، جس کے باعث وہ معذور ہوگیا ہے

والدین کے مطابق عدالت عظمیٰ نے طوفان آنے سے پہلے تمام بل بورڈز اتارنے کے احکامات دیئے تھے تاہم عدالتی حکم پر عمل نہیں کرایا گیا، والدین کا موقف تھا کہ ہم سفید پوش لوگ ہیں اپنے بچے کو ایک روز سے زیادہ مہنگے ہسپتال میں نہیں رکھ سکتے، کچھ دیر میں اشعر کا ایم آر آئی کیا جائے گا، رپورٹ میں پتا چل سکے گا کہ اب اس کا علاج ہو سکتا ہے یا نہیں۔

Comments

یہ بھی پڑھیں