اسلام آباد : یورپی ممالک کی طرح پاکستان میں بھی ای سائیکلنگ منصوبہ بنایا جارہا ہے، جس کا مقصد ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانا ہے،
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ایک ایسا سائیکلنگ ٹریک بھی موجود ہے جہاں آپ کو اپنی ذاتی سائیکل لانے کی ضرورت نہیں بلکہ کرایہ ادا کرکے سائیکل لی جاسکتی ہے۔
جی ہاں !! اب آپ کو کہیں جانے کی ضرورت نہیں اپنی گاڑی، بس یا ٹرین سے اترنے کے بعد اپنے مطلوبہ مقام تک جانے کیلئے الیکٹرونک سائیکل کرائے پر لی جاسکتی ہے۔
اسلام آباد سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے جہانگیر اسلم کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کی کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے تحت ای سائیکلنگ کیلئے خصوصی ٹریک بنایا جائے گا۔ بائیسائیکلنگ لین پروجیکٹ پر کام شروع کردیا گیا ہے۔
اس حوالے سے پروگرام باخبر سویرا میں سی سائیکلنگ منصوبے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے سی ڈی اے کے ممبر ٹیکنالوجی نعمان خالد نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار باقاعدہ ایک سائیکل ٹریک بچھایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سائیکلنگ کے شائقین کیلئے علیحدہ لین کے منصوبے کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اس کا دائرہ کار شہر کی تمام اہم سڑکوں تک بڑھایا جائے گا۔