لاہور: لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد پنجاب بھر میں کروناکیسز و اموات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ 18دن میں مہلک وائرس کے کیسز واموات میں 3 گنا اضافہ ہوا ہے، رمضان سے پہلے 42روز میں 4851کیسز سامنے آئے اور 68 افرادجاں بحق ہوئے۔
محکمہ صحت کے اعداد شمار کے مطابق رمضان کے 18روز 7017 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 143 افراد کی اموات ہوئیں۔ پنجاب میں 11868 مریض زیر علاج ہیں جبکہ مجموعی طور پر 211 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
پاکستان میں چوبیس گھنٹوں میں 2,255 نئے کیسز ریکارڈ، اموات 737 ہو گئیں
خیال رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 31 افراد جان کی بازی ہار گئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 737 ہوگئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین کی عالمگیر وبا سے پاکستان بھر میں 34,336 افراد متاثر ہو چکے ہیں، ملک کے مختلف شہروں میں اس وقت کرونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 24 ہزار 787 ہے، پاکستان میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 2,255 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جب کہ اب تک 8,812 مریض وائرس سے لاحق ہونے والی بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔