کراچی : گلشن جمال بلاک سی میں گاہک بن کر آنے والے چور نے دکاندار سے فراڈ کرتے ہوئے اس کی آنکھوں کے سامنے ڈیڑھ لاکھ روپے کا نقصان پہنچا دیا، پورا منظر سی سی ٹی وی کیمرے میں محفوظ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن جمال بلاک سی میں ایزی لوڈ کی دکان پر گاہک بن کر آنے والے ایک شخص نے دکاندار سے فراڈ کرتے ہوئے ڈیڑھ لاکھ روپے سے محروم کردیا۔
واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی، سی سی ٹی فوٹیج میں چور کو ایزی لوڈ کی دکان پر گاہک بن کر آتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ملزم نے دکاندار کو کام میں مصروف دیکھا اور موقع پاتے ہی آن لائن رقم ٹرانسفر کرنے والا موبائل فون اٹھایا اور وہاں سے رفو چکر ہوگیا۔
متاثرہ دکاندار کا کہنا ہے کہ موبائل فون میں ایک لاکھ 80 ہزار روپے کی رقم موجود تھی، ملزم نے فوری طور پر تین مختلف نمبروں پر پچاس پچاس ہزار روپے ٹرانسفر بھی کردیئے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دکاندار کو چور کے پیچھے موٹر سائیکل پر تعاقب میں جاتے دیکھا جا سکتا ہے، ملزم تنگ گلیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگیا۔