اسلام آباد : رمضان المبارک میں عوام کو سستی اشیاء کی فراہمی کیلئے رمضان پیکج کی منظوری آج متوقع ہے، پیکج کے تحت چینی، آٹا،بیسن سیمت انیس اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق رمضان میں عوام کیلئے ریلیف کے لئے حکومت یوٹیلیٹی اسٹورز کے زریعے رمضان ریلیف پیکج دے گی، پیکج منظوری کے لیے اقتصادی رابطہ کمیٹی میں پیش کیا جائے گا۔
زرائع کے مطابق پیکج کے تحت ایک ارب تہترکروڑ تیس لاکھ روپے سبسڈی دینےکی تجویزدی گئی ہے، پیکج کےتحت انیس اشیا پر چار سے پچاس روپے تک سبسڈی دی جائےگی جبکہ آٹے پر چار روپےاور چینی پر فی کلو پانچ روپے رعایت دیئے جانے کا امکان ہے۔
رمضان پیکج کے تحت گھی پندرہ روپے اور آئل دس روپے فی لیٹر،دال چنا بیس روپے اور دال مونگ پندرہ روپے فی کلو سستی ہوجائے گی جبکہ دال ماش دس روپے اور دال مسور پر دس روپے فی کلو،سفید چنے پر پچیس روپے اور بیسن پر فی کلو بیس روپے سبسڈی دینے کا امکان ہے۔
کھجور پرتیس روپےاور باسمتی چاول پر پندرہ روپے فی کلو سبسڈی دی جائےگی جبکہ شربت کی بڑی بوتل پر پندرہ روپے، چھوٹی بوتل پر دس روپے ڈسکاونٹ دیا جائےگا اور چائے پر پچاس روپے اور مسالحہ جات پر دس فیصد سبسڈی دینے کی تجویز دی گئی ہے۔
پیکچ کی آگاہی مہم کیلئے بھی دس کروڑروپے مختص کئے جائیں گے۔