اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے این اے ایک سو بائیس لاہور اور این اے ایک سو چون لودھراں میں فوج تعینات کرنے کا حکم دیا ہے، فیصلے کا مقصد انتخابات میں دھاندلی کو روکنا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے وزارت دفاع اور وزارت داخلہ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ این اے 122 لاہور، این اے 144 اوکاڑہ این اے 154 لودھراں، پی پی 16 اور پی پی 147 لاہور میں فوج اور رینجرز تعینات کی جائے۔
الیکشن کمیشن حکام کے مطابق ان حلقوں میں رینجرز اور فوج تعینات کرنے کا فیصلہ تمام سیاسی جماعتوں کی درخواست پر کیا گیا ہے، فوج اور رینجرز تعینات کرنے کا فیصلہ رینٹرنگ افسران سے مشورے کے بعد حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔
دوسری جانب حلقہ این اے 122کی نشست سے محروم ہونے والے سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا ہے کہ عمران خان اس حلقے میں خود لڑیں یا کسی کو لڑائیں فرق نہیں پڑتا۔
این اے 122کے ضمنی انتخاب کو ن لیگ اور تحریک انصاف کے درمیان بڑے معرکے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔