اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں آج ہونے والے ضمنی انتخابات کے نتائج کی ترسیل فوج کی نگرانی میں کرانے کافیصلہ کیا ہے۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن بابریعقوب نے پولنگ ختم ہونے کے بعد اسلام آباد میں میڈیا کوبتایا کہ نتائج میں تبدیلی کرنے کی کوئی گنجائش موجود نہیں ہے۔
انھوں نے کہا کہ پنجاب ضمنی انتخاب کیلئے ریٹرننگ افسران دوسرے صوبوں سے لئے گئےجو کہ الیکشن کمیشن کے اپنے افسران ہیں۔
ان کا یہ بھی کہناتھا کہ انتخابی عمل پرامن رہا، جس کو یقینی بنانے کے لئے تقریبا سات ہزارفوجی اورآٹھ ہزارپولیس اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔
انتخابی عمل کے دوران معمولی نوعیت کی صرف پینتس شکایات موصول ہوئیں ہیں۔
ایک سوال پر سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ عمران خان کاخط انھیں موصول ہوگیا ہے جس پرقانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
انھوں نے کہا کہ عمران خان کی ویڈیوریکارڈنگ پرالیکشن کمیشن نے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔