تازہ ترین

توہین الیکشن کمیشن کا کیس : فواد چوہدری کو جواب جمع کرانے کیلئے آخری موقع

اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کو توہین الیکشن کمیشن کے کیس میں جواب جمع کرانے کا آخری موقع دے دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کے کیس کی سماعت ہوئی۔

چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت4رکنی کمیشن نےسماعت کی ، فواد چوہدری کی جانب سے معاون وکیل مرزا آصف عباس الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔

معاون وکیل نے بتایا کہ یہ کیس سندھ ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے، ممبر اکرام اللہ خان نے سوال کیا کیا آپ نے وکالت نامہ جمع کرایا؟ تو معاون وکیل نے بتایا کہ میں بطور پراکسی کونسل پیش ہورہا ہوں۔

ممبر اکرام اللہ خان کا کہنا تھا کہ پھر کس حیثیت میں آپ بات کر رہے ہیں؟ ایسے تو کوئی بھی منہ اٹھا کر آجائے گا، جس پر معاون وکیل فواد چوہدری نے کہا کہ پراکسی کونسل کے طور پرمیری حاضری لگائی جاسکتی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر انور منصور نے کہا بطور پراکسی کونسل پیش ہورہے ہیں، 4سماعتوں میں پراکسی کونسل پیش ہورہے ہیں، یہ کیس دوسرے توہین الیکشن کمیشن کے کیسز سے الگ ہے، 16 مئی کو فواد چوہدری پر چارج فریم کریں گے۔

معاون وکیل کا کہنا تھا کہ ہمیں جواب جمع کرانے کا موقع دیا جائے، جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا بہت مواقع دیے لیکن جواب جمع نہیں کرایا گیا۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید سماعت 16 مئی تک ملتوی کردی۔

Comments

- Advertisement -