سیالکوٹ : الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیر اعلی پنجاب کی مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 29 جون کو پیش ہونے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ سے پنجاب اسمبلی کی خالی نشست پی پی 38 کے لئے ضمنی انتخاب میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن کی طرف سے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے مشیر اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو نوٹس جاری کردیا۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان طاہر محمود ہنڈلی کے ہمراہ پی ٹی آئی کے امیدوار عاصم سلیم کی انتخابی مہم میں شریک رہیں، جس پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے انہیں 29 جون کو وضاحت کیلئے طلب کرلیا ہے۔ و
.
واضح رہے کہ پی پی 38 سیالکوٹ میں ضمنی الیکشن 28 جولائی کو منعقد ہوں گے اور ضابطہ اخلاق کے مطابق حکومتی عہدیدار اور منتخب قومی نمائندگان کے انتخابی مہم میں حصہ لینے پر پابندی ہے۔
یاد رہے کہ 2018 کے انتخابات میں اس حلقے سے مسلم لیگ ن کے امیدوار چودھری خوش اختر سبحانی نے 57ہزار 617 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائت تھے جبکہ پیپلزپارٹی کے امیدوار نے 597 ووٹ اور تحریک انصاف کے امیدوار سعید احمد بھلی نے 40 ہزار531 ووٹ حاصل کیے تھے۔