اشتہار

کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیے گئے

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں، شدید بارش اور سیلابی صورتحال کے باعث کراچی ڈویژن کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان میں صوبہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر نے کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں کراچی ڈویژن کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے غور کیا گیا، صبح ہونے والے اجلاس میں سیکریٹری الیکشن کمیشن کو 6 اہم اداروں سے فوری رپورٹ لینے کی ہدایت کی گئی۔

- Advertisement -

اجلاس میں سیکریٹری داخلہ، چیف سیکریٹری، آئی جی سندھ، ڈی جی رینجرز، صوبائی الیکشن کمشنر اور محکمہ موسمیات سے رپورٹ لینے کی ہدایت کی گئی تھی۔ محکمہ موسمیات سے آئندہ دنوں کے موسم کی صورتحال پر رپورٹ مانگی گئی تھی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پاک فوج، رینجرز، پولیس اور دیگر ادارے دیہی سندھ میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں، سیکیورٹی اداروں سے رپورٹ طلب کی گئی ہے کہ پولنگ سے دیہی سندھ میں امدادی کام کتنے متاثر ہوں گے۔

اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنر سے بھی تازہ ترین صورتحال کے حوالے سے رپورٹ طلب کی گئی تھی، تمام اداروں سے رپورٹ حاصل کر کے الیکشن کمیشن کا دوبارہ اجلاس دوبارہ آج ہی طلب کیا گیا تھا۔

سہ پہر میں دوبارہ ہونے والے اجلاس میں کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انتخابات کے التوا کا فیصلہ الیکشن کمشنر سندھ اور ضلعی انتظامیہ کی رپورٹ پر کیا گیا۔

کراچی اور حیدر آباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات 28 اگست کو ہونے تھے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں