صدارتی انتخابات کے حتمی اور سرکاری نتائج جاری کردیے۔ پاکستان تحریک انصاف کے عارف علوی 352 الیکٹورل ووٹ لے کر صدر مملکت منتخب ہوگئے۔
اسلام آباد: الیکشن کمیشن نےتفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے باضابطہ طور پر صدارتی انتخاب کا حتمی و سرکاری نتیجہ جاری کردیا۔
اس سے قبل کمیشن میں جاری اجلاس میں مجموعی نتائج کی تیاری کی گئی۔ چیف الیکشن کمشنر نے بطور ریٹرننگ افسر فارم 7 پر نتائج مرتب کیے۔ ان کی نگرانی میں پولنگ بیگز کھولے گئے تھے۔
اس موقع پر صدارتی امیدواروں کے نمائندے بھی الیکشن کمیشن میں موجود تھے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے عارف علوی 352 ووٹ لے کر فتحیاب قرار پائے۔
مولانا فضل الرحمٰن 184 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر اور اعتزاز احسن 124 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ صدارتی انتخاب میں 1110 ارکان نے حق رائے دہی استعمال کیا۔ انتخاب میں 28 ووٹ مسترد ہوئے جبکہ انتخاب میں ڈالے گئے درست ووٹوں کی تعداد 1082 ہے۔
خیال رہے کہ ملک کے تیرہویں صدر کے لیے انتخاب کا انعقاد کل ہوا جس میں سینیٹ، قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے ارکان نے خفیہ رائے شماری کی۔
صدارتی امیدواروں میں پاکستان تحریک انصاف کے عارف علوی، پیپلز پارٹی کے اعتزاز احسن اور بقیہ اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ امیدوار مولانا فضل الرحمٰن تھے۔
ووٹنگ کے بعد نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے عارف علوی فتحیاب ہو کر نئے صدر پاکستان بن گئے۔
انہیں کاسٹ کیے گئے مجموعی 1 ہزار 82 ووٹ میں 352 ووٹ ملے، مولانا فضل الرحمٰن نے 184 اور اعتزاز احسن نے 124 ووٹ حاصل کیے۔