ڈسکہ : الیکشن کمیشن نے این اے 75 کے ضمنی انتخاب میں بے قاعدگیوں پر سابق ڈپٹی کمشنر اور سابق ڈی پی اوسمیت 60افسران کیخلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے این اے75 کے ضمنی انتخاب میں بےقاعدگیوں پر ایکشن لیتے ہوئے سابق ڈپٹی کمشنر اور سابق ڈی پی اوسمیت 60افسران کیخلاف کارروائی کا حکم دے دیا جبکہ سابق اسسٹنٹ کمشنر،سابق ڈی ایس پی اور ڈپٹی ڈائریکٹرکالجز بھی شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری پنجاب کو ہدایت جاری کردیں ، جس میں کہا کہ کارروائی پیڈاایکٹ2006 کے تحت کی جائے۔
یاد رہے گذشتہ سال نومبر میں این اے 75 ڈسکہ ضمنی انتخاب انکوائری رپورٹ کی روشنی میں الیکشن کمیشن نے دھاندلی میں ملوث افسران کے خلاف فوجداری کارروائی کا فیصلہ کیا تھا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ تمام ملوث افراد کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی کی جائے گی، الیکشن کمیشن نے متعلقہ شعبہ جات سے فوجداری شکایات کا ڈرافٹ مانگ لیا، محکمانہ کارروائی کے لیے انکوائری کمیٹیوں کی تشکیل کے لیے بھی سفارشات طلب کر لیں۔
اس سے قبل این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں بے ضابطگیوں کی انکوائری رپورٹ کی سفارشات پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب عابد حسین کو آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی (او ایس ڈی) اور صوبائی الیکشن کمیشن پنجاب میں ڈپٹی ڈائریکٹر اطہر عباسی کو او ایس ڈی بنائے جائے کا حکم نامہ جاری کیا تھا۔
دونوں افسران ڈسکہ انکوائری رپورٹ میں انتظامی کوتاہی کے مرتکب قرار پائے تھے۔