مصر اور اردن اس بات پر متفق ہیں کہ فلسطینیوں کو بےگھر کیے بغیر غزہ کی تعمیرِنو ہونی چاہیے۔
مصر کے ایوان صدر نے دونوں سربراہان مملکت کے درمیان فون کال کے بعد ایک بیان میں کہا کہ صدر عبدالفتاح السیسی اور اردن کے شاہ عبداللہ نے اتفاق کیا ہے کہ فلسطینیوں کو ہٹائے بغیر غزہ کی تعمیر نو کی جانی چاہیے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسطینی آبادی کو مصر اور اردن دونوں میں آباد کرنے کے منصوبے پر زور دیا ہے، جسے دونوں ممالک بار بار مسترد کر چکے ہیں۔
مصری ایوان صدر نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے مصر اور اردن کے موقف کے اتحاد کی توثیق کی، جس میں غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے معاہدے پر مکمل عمل درآمد، یرغمالیوں اور قیدیوں کی مسلسل رہائی اور انسانی امداد کے داخلے میں سہولت فراہم کرنے کی ضرورت شامل ہے۔
ایوان صدر نے فلسطینی لوگوں کو ان کی سرزمین سے بے گھر کیے بغیر، غزہ کی پٹی میں تعمیر نو کے عمل کو فوری طور پر شروع کرنے” کی ضرورت پر زور دیا۔
حماس کا ایک وفد چیف مذاکرات کار خلیل الحیا کی قیادت میں مصری دارالحکومت پہنچ گیا ہے تاکہ اس معاہدے پر عمل درآمد پر بات چیت کی جا سکے۔
گروپ نے کہا کہ ان کے وفد اور مصری ثالثوں کے درمیان ملاقاتیں شروع ہو چکی ہیں۔
پیر کے روز، حماس نے کہا کہ اس نے غزہ میں قید اسیروں کی رہائی کو معطل کر دیا ہے جس کی وجہ اسرائیل کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی ہے، جس کا اطلاق 19 جنوری سے ہوا۔
فلسطینی گروپ نے غزہ کے مختلف علاقوں میں بے گھر افراد کی تاخیر سے واپسی اور جنگ بندی میں طے شدہ تمام امداد کے داخلے کی اجازت نہ دینے کا حوالہ دیا۔