اردن کے وزیر خارجہ ایمن صفادی کا امریکی صدر ٹرمپ کے فلسطینیوں کو اردن اور مصر میں پناہ دینے کے بیان پر رد عمل میں کہنا تھا کہ غزہ سے فلسطینیوں کی کسی بھی طرح کی بے دخلی کو سختی سے مسترد کرتے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اردن کے وزیر خارجہ ایمن صفادی کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کی بیدخلی پر اردن کا مؤقف ٹھوس اور غیرمتزلزل ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اردن پہلے ہی مقبوضہ علاقوں سے بیدخل لاکھوں فلسطینیوں کی میزبانی کر رہا ہے۔
اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق 23 لاکھ رجسٹرڈ فلسطینی پناہ گزین اردن میں موجود ہیں، جبکہ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ ٹرمپ مزید فلسطینیوں کو بسانے کیلئے اردن اور مصر کو امداد روکنے کی دھمکی دے سکتے ہیں۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کے بعد سب سے زیادہ امریکی امداد اردن اور مصر کو دی جاتی ہے۔
دوسری جانب امیگریشن سے متعلق ایگزیکٹو آرڈر کو نہ ماننے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کولمبیا پر نئی معاشی اور سفری پابندیاں عائد کردی ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہنا تھا کہ کولمبیا پر ٹیرف اور ویزا پابندیوں کا حکم دے دیا ہے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کولمبیا کو امریکا میں آنے والی تمام اشیاء پر 25 فیصد ٹیرف دینا ہوگا، جسے پھر ایک ہفتے میں 50 فیصد تک بڑھا دیا جائے گا۔
امریکی صدر نے کہا کہ ان کی انتظامیہ کولمبیا کے سرکاری اہلکاروں کے ساتھ ساتھ صدر کے اہل خانہ اور معاونین پر ’سفری اور ویزہ پابندیاں‘ عائد کرے گی۔
ٹرمپ نے مزید لکھا کہ کولمبین صدر پیٹرو کے اس اقدام نے امریکا کی قومی سلامتی اور عوامی تحفظ کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
واضح رہے کہ گستاو پیٹرو نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ امریکا کی جانب سے ملک بدر کیے جانے والے تارکین وطن کو لے جانے والی پروازوں کو اس وقت تک روکے گا جب تک تارکین وطن کو باوقار طریقے سے نہیں بھیجا جاتا۔
ٹرمپ نے کولمبیا پر نئی پابندیاں عائد کردیں
پیٹرو نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ غیرقانونی تارکین وطن مجرم نہیں ہیں، ان سے انسانیت والا ساتھ سلوک کیا جانا چاہیے جس کا ایک انسان حقدار ہے۔