کراچی: عید تعطیلات کراچی والوں کے لیے ڈراؤنا خواب بن گئیں، 5 دن میں 70 سے زائد شہری روڈ ایکسیڈنٹ میں جاں بحق ہو گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق عید کی تعطیلات کے دوران شہر کراچی میں مجموعی طور پر 4 ہزار 168 شہری ٹریفک حادثات کا شکار ہوئے۔
دو بڑے سرکاری اسپتالوں کے ریکارڈ کے مطابق 5 دن میں 1 ہزار سے زائد شہریوں کی ہڈیاں ٹوٹیں، 3218 ایکسیڈنٹ کیسز سول ٹراما سینٹر میں رپورٹ ہوئے جب کہ 950 کیسز جناح اسپتال میں رپورٹ ہوئے۔
ذرائع نے بتایا کہ ٹریفک حادثات کی بڑی وجہ اوور اسپیڈنگ اور شہر کی سڑکوں پر ٹریفک کانسٹیبلز کی عدم موجودگی تھی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر جناح اسپتال ڈاکٹر نوشین رؤف نے بتایا کہ جناح اسپتال میں روڈ ایکسیڈنٹ میں جان سے جانے والے 60 کے قریب کیسز رپورٹ ہوئے، دوسری طرف ٹریفک حادثات میں موت کے 10 کیسز سول ٹراما سینٹر میں رپورٹ ہوئے۔
ڈاکٹر نوشین رؤف کے مطابق روڈ ایکسیڈنٹ میں زیادہ تر اموات موقع پر ہی ہوئیں، اور زیادہ تر اموات سر پر چوٹ لگنے کی وجہ سے ہوئیں۔
انھوں نے یہ بھی بتایا کہ روڈ ایکسیڈنٹ کا زیادہ تر شکار ہونے والوں کی عمر 16 سے 30 سال کے درمیان تھی۔