کراچی : عید قرباں پر عوام نے دس ہزار سے زائد ڈیپ فریز خرید ڈالے، فریزر کی فروخت میں دس فیصد اضافہ ہوا۔
تفصیلات کے مطابق عید قرباں پر صرف جانور کی خریداری اہم نہیں بلکہ قربانی کے گوشت کو سنبھالنے کیلئے فریج اور فریز بھی بہت اہم ہوتے ہیں، اس عید پر بھی ملک میں لوگوں نے تیس کروڑ روپے کے فریز خرید لئے۔
اعداد وشمار کے مطابق صرف کراچی میں سات کروڑ سے زائد کے فریز خریدے گئے، فروخت میں اضافے کے پیشِ نظر فریزر کی پیداوار میں بھی پندرہ فیصد اضافہ دیکھا گیا اور قیمتوں میں 2سے ڈھائی ہزار روپے تک کا اضافہ ہوا ہے۔
دکانداروں کے مطابق عیدِ قرباں ڈیپ فریزرز اور ریفریجریٹرز کی خریداری کا سیزن ہے، جس کے لیے مقامی سطح پر مصنوعات تیار کرنے والی کمپنیاں بھی خصوصی رینج اور ماڈلز عید سے قبل متعارف کراتی ہیں۔
اعدادوشمار کے مطابق ملک میں ڈیپ فریزرز کی مینوفیکچرنگ میں سال بہ سال 15 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، سال15-2014 میں مجموعی طور پر 1لاکھ1ہزار 638 یونٹس تیار کیے گئے جبکہ مالی سال 14-2013 کے دوران ڈیپ فریزرز کی پیداوار 88ہزار 522یونٹس رہی تھی۔
ملک کی سب سے بڑی الیکٹرانک مارکیٹ کراچی الیکٹرانک ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد رضوان نے کہا ہے کہ ہر سال کی طرح رواں سال بھی عیدالاضحیٰ کے موقع پر ڈیپ فریزر اور ریفریجیریٹر کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے انہوں نے کہا کہ لوگ قربانی کا گوشت ذخیرہ کرنے کیلئے فریج اور ڈیپ فریزر خریدتے ہیں اور عید قربان کے موقع پر ان کی فروخت میں اضافہ ہو جاتا ہے۔