اسلام آباد: عام انتخابات 2018 میں کامیاب ہونے والے آزاد امیداروں نے قانون کے تحت سیاسی جماعتوں میں شمولیت کے حلف نامے جمع کروادیے۔
تفصیلات کے مطابق آزاد امیدواروں کے لیے سیاسی جماعتوں میں شمولیت کا آج آخری دن تھا جس کے پیش نظر کامیاب ہونے والے تمام افراد نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) میں حلف نامے جمع کرائے۔
ذرائع کے مطابق 31آزاد اراکین جن میں سے 7 قومی اور 24 صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر کامیاب ہوئے انہوں نے سیاسی جماعتوں میں شمولیت کےحلف نامے جمع کرائے۔
مزید پڑھیں: علیم خان اورجہانگیرترین کے آزادامیدواروں سےکامیاب رابطے، پنجاب میں عددی اکثریت ملنے کا امکان
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کے این اے 13 سے صالح محمد، این اے 101 سے عاصم نذیر، این اے 150 سے فخر امام، این اے 166 سے عبد الغفار، این اے 150 سے فخرم امام دین سے کامیاب ہونے والے آزاد امیدواروں نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی۔
علاوہ ازیں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 166 سے کامیاب امیدوار عبد الغفار ، این اے 181، این اے 190 اور این اے 2015 سے منتخب ہونے والے علی محمد نے بھی پی ٹی آئی میں شمولیت کا حلف نامہ جمع کروایا۔
دوسری جانب پنجاب اسمبلی کی 23 نشستوں پر کامیاب ہونے والے آزاد امیدواروں میں سے 22 نے تحریک انصاف اور ایک نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا حلف نامہ جمع کرایا جبکہ خیبرپختونخواہ اسمبلی سے منتخب آزاد رکن بھی پی ٹی آئی کے ساتھ شامل ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: فیصل آباد :قومی اورصوبائی اسمبلی نشست پرآزادامیدوار نے خودکشی کرلی
واضح رہے کہ وفاق اور پنجاب میں تحریک انصاف کو آزاد امیدواروں کی حمایت حاصل ہے جس کے تحت سیاسی مبصرین کا ماننا ہے کہ ’عمران خان خیبرپختونخواہ، پنجاب اور وفاق میں حکومت بنانے کی مضبوط پوزیشن میں ہیں‘۔