اسلام آباد: سابق سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ ایوان صدر میں آصف زرداری کی تصویر لگتی دیکھ رہا ہوں۔
پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کے بغیر حکومت کا چلنا مشکل ہوگا، ن لیگ کی الیکشن میں 80 سے بھی کم نشستیں ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ پی ڈی ایم ٹو حکومت بنے گی۔
فیصل واوڈا کے مطابق آزاد امیدوار ہوا کے رخ کے ساتھ چلیں گے اور ہوا کا رخ کس طرف ہے یہ عدالتی نظام نے بتادیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا عدالتی نظام جب چاہے چھ کو نو کردے، جب چاہے نو کو چھ کردے، پیپلزپارٹی کا چند دن میں سب اداروں کو قبول کرنے کا بیانیہ سب دیکھیں گے۔
سابق سینیٹر نے کہا کہ چھوٹے کھلاڑیوں او ربڑے کھلاڑیوں کے الگ الگ بھاؤ لگیں گے، ایک سسٹم میں کسی آدمی کو 20 سال بٹھائیں گے تو وہ چور نہ بھی ہو تو بن جائے گا۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ منجھے ہوئے چوروں کو واپس بٹھا رہے ہیں اور کہتے ہیں ملک کو درست کریں، اسحاق ڈار جو کرسکتے تھے وہ 16 ماہ کی حکومت میں بھی کرسکتے تھے لیکن نہیں کیا، کیا توقع کرتے ہیں کہ وہ آئندہ آکر معیشت کو درست کردیں گے، سب نے بگاڑنا ہے ملک کو آئین کے مطابق کسی نے نہیں چلانا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کچھ لوگوں کو جمہوریت چاہیے، کنٹرولڈ الیکشن نہیں چاہئیں، آئین و قانون کی باتیں کرتے ہیں، پنجاب اور کے پی میں جو آئین کا قتل ہوا اس کا احتساب تو کردیں، بس حسب حال حسب ضرورت ہی چلنا ہے۔