اشتہار

عدالتی حکم کے بعد الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا عمل روک دیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : عدالت کی جانب سے کاغذات نامزدگی میں ترامیم کالعدم قرار دینے کے بعد الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا عمل روک دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق الیکش کمیشن نے آئندہ عام انتخابات کیلئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی وصول کرنے کا عمل روک دیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے یہ اقدام لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے کاغذات نامزدگی کے فارم میں ترامیم کالعدم قرار دینے کے بعد اٹھایا ہے، لاہورہائیکورٹ کے فیصلے پر غور کیلئے الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس کل ہوگا، الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران کو کاغذات نامزدگی وصول نہ کرنے کی ہدایات بھی جاری کردی ہیں۔

- Advertisement -

واضح رہے کہ لاہورہائی کورٹ نے کاغذات نامزدگی میں ترامیم کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو پرانا فارم بحال کرنے کا حکم دیا ہے، عدالت کے مطابق مذکورہ ترمیم شدہ فارم میں آرٹیکل باسٹھ تریسٹھ کو غیر مؤثر کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

لاہور ہائی کورٹ نے نادہندگی، قرضوں اور بچوں کے اثاثہ جات کی شق کو کاغذات نامزدگی کا حصہ بنانے کا حکم دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو فارم اے اور بی سے خامیاں دور کرنے کی ہدایت کردی۔

جسٹس عائشہ اے ملک نے سعد رسول ایڈووکیٹ کی درخواست پر فیصلہ جاری کیا، عدالت نے اپنے39صفحات کے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ پارلیمنٹ کو کاغذات نامزدگی بنانے اختیار حاصل ہے تاہم بچوں کے حوالے سے جو شق ختم کی گئی ہے وہ کاغزات نامزدگی میں شامل تصور کی جائے گی۔

پارلیمنٹ نے ترمیم کرکے قرضہ جات اور نادہندگی کے جو خانے نکالے وہ فارم میں موجود سمجھے جائیں گے، عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ الیکشن کمیشن کو اختیار حاصل ہے کہ وہ فارم اے اور بی میں تمام خامیاں دور کرے اور صاف اور شفاف انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن تمام ضروری اقدامات کرے۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ پارلیمنٹ نے ترامیم کرکے کاغذات نامزدگی میں سے آرٹیکل باسٹھ تریسٹھ کے حوالے سے تمام کالم نکال دیئے ہیں جن کی وجہ سے اب نادہندہ اور مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے بھی الیکشن لڑسکتے ہیں، کاغذات نامزدگی بنانا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے پارلیمنٹ کی ترامیم الیکشن پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہے، لہٰذا عدالت اسے کالعدم قرار دے۔

مزید پڑھیں: الیکشن میں ایک دن تو دُور، ایک گھنٹے کی بھی تاخیر نہیں ہونی چاہیے: نواز شریف

کالعدم کیے گئے فارم میں امیدواراپنے مقدمے، آف شورکمپنیاں ظاہر کرنے کا پابند نہیں تھا، عدالت نے حکم دیا کہ الیکشن کمیشن دہری شہریت ،ٹیکس کی معلومات حاصل کرسکتا ہے۔

مزید پڑھیں: خدارا الیکشن ایک ماہ کے لیے ملتوی کردیں، وزیر اعلیٰ بلوچستان

لاہور ہائیکورٹ کا کہنا ہے کہ کاغذات نامزدگی کے فارم ازسر نو چھاپ کر تقسیم کرنا ہوں گے، الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی اجلاس میں تبدیلیوں کی مخالفت کی گئی تھی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں