اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات کے لئے الیکشن مینجمنٹ سسٹم پر الیکشن عملے کی ٹریننگ کا آغاز کردیا، ای ایم ایس پرآپریٹرزکو 14 تا 16 ستمبر تک ٹریننگ دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات میں نتائج کی وصولی کیلئے الیکشن مینجمنٹ سسٹم تیار کرلیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے الیکشن مینجمنٹ سسٹم پر الیکشن عملے کی ٹریننگ کا آغاز کردیا ہے اور ٹریننگ کیلئے تمام صوبائی الیکشن کمشنرز کو بھی مراسلے لکھ دیئے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ای ایم ایس پرآپریٹرز کو چودہ تا سولہ ستمبر تک ٹریننگ دی جائے گی جبکہ ریجنل ،صوبائی اورضلعی الیکشن کمشنرز کوجولائی میں ٹریننگ دی جاچکی ہے۔
یاد رہے ملک میں عام انتخابات کے سلسلے میں الیکشن کمیشن میں غیر ملکی مبصرین و میڈیا کو مدعو کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور غیر ملکی مبصرین اور میڈیا کے لیے ضابطہ اخلاق بھی بنایا جا چکا ہے۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی شیڈول جاری ہونے کے ساتھ ہی غیر ملکی مبصرین کو دعوت نامے بھجوا دیے جائیں گے، اس سلسلے میں غیر ملکی مبصرین و میڈیا کو خصوصی سیکیورٹی فیچرز کے کارڈ جاری کیے جائیں گے، جو تیار کیے جا چکے ہیں۔