اشتہار

الیکشن سیکیورٹی کی تیسری ٹیئر پاک فوج کے پاس ہوگی، مرتضیٰ سولنگی کی غیر ملکی مبصرین اور میڈیا کو بریفنگ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ الیکشن میں سیکیورٹی کو 3 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلے حصے میں پولیس، دوسرے میں رینجرز اور ایف سی فرائض سر انجام دے گی، سیکیورٹی کی تیسری ٹیئر پاک فوج کے پاس ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق مرتضیٰ سولنگی نے اسلام آباد میں ہفتے کو غیر ملکی مبصرین اور میڈیا کو بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان دنیا میں 5 ویں بڑی جمہوریت بن چکا ہے، الیکشن میں 4 دن باقی ہیں، 12 کروڑ سے زائد شہری حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا انتخابات کے حوالے سے اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں، 8 فروری کو صاف و شفاف الیکشن کے لیے وافر وسائل موجود ہیں۔

- Advertisement -

انھوں نے کہا نگراں حکومت عدالتوں کو کنٹرول نہیں کرتی، پاکستان میں میڈیا آزاد ہے، عدالتی فیصلوں پر تنقید کی بھی آزادی ہے، ہم پُر امن ماحول میں الیکشن کا انعقاد یقینی بنائیں گے، سیکیورٹی فورسز پُر امن الیکشن کے انعقاد کے لیے تیار ہیں۔

مرتضیٰ سولنگی کے مطابق قومی اسمبلی کی 266 نشستوں پر انتخابات ہو رہے ہیں، پولنگ اسٹیشنوں پر سیکیورٹی کے بھرپور انتظامات کیے گئے ہیں، الیکشن نگرانی کے لیے کامن ویلتھ اور دیگر تنظیموں کے مبصرین کو ویزے جاری کیے جا چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ روس، جاپان، جنوبی افریقہ، سوئیڈن، جرمنی اور دیگر ممالک سے مبصرین کو ویزے جاری کیے گئے ہیں۔

پی ٹی آئی امیدواروں کی گرفتاریوں سے متعلق ایک سوال پر نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا پی ٹی آئی کے پاس عدالتوں میں جانے کا آپشن موجود ہے، پی ٹی آئی کے الزامات بے بنیاد ہیں، گرفتاریاں 9 مئی واقعے کے تناظر میں ہوئی ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں