کراچی کے علاقے لانڈھی نمبر 5 کے پولنگ اسٹیشن میں نقاب پوش افراد نے مبینہ طور پر حملہ کردیا۔
اے آر اوئی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی نمبر 5 کے پولنگ اسٹیشن پر نامعلوم مسلح نقاب پوش افراد نے پولنگ اسٹیشن میں توڑ پھوڑ کی، مبینہ حملہ آوروں نے بیلٹ پیپرز پھاڑ دیے، بیلٹ باکس بھی توڑ دیے جس کے نتیجے میں بیلٹ پیپرز بکھر گئے۔
علاقے میں صورتحال کشیدہ، پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ کوئیک رسپانس فورس بھی موقع پر پہنچ گئی، صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں پولنگ کا وقت ختم ہوگیا اور ووٹوں کی گنتی شروع کردی گئی ہے، شام 6 بجے سے غیرحتمی غیرسرکاری نتائج آنے کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔
ملک میں مجموعی طور پر پولنگ کا سلسلہ پرامن رہا جبکہ موبائل فون اور انٹرنیٹ کی بندش کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔